چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ملک کا امن خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بات اپنے دورہ پشاور کے دوران کہی، جہاں انہیں سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال اور فتنہ الخوارج کے خلاف جاری انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے بارے میں ایک جامع بریفنگ دی گئی۔جنرل عاصم منیر نے پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے غیرمتزلزل عزم اور بے مثال قربانیوں کی تعریف کی جنہوں نے دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے اور ان کے مذموم ایجنڈے کو ناکام
بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے اہم دہشت گردوں کا تعاقب کرتے ہوئے انہیں ختم کیا ہے، ان کے بنیادی ڈھانچے کوتباہ کیا ہے اور ان کے گروپوں کو بے اثر کیا ہے جس سے یہ واضح پیغام گیا ہے کہ دہشت گردی کی ہماری
سرزمین پر کوئی جگہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ جنگ جاری ہے اور ہم اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
بریفنگ میں وفاقی وزیر داخلہ اور وزیراعلی خیبرپختونخوا نے بھی شرکت کی۔
جنرل سید عاصم منیر نے مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے خیبر پختونخوا کے سیاستدانوں سے الگ الگ بات چیت بھی کی۔
شرکا نے دہشت گردی کی لعنت کے خلاف سیاسی اتحاد اور عوامی حمایت کی ضرورت پر اتفاق کیا۔