ریڈیو پاکستان پشاور کی نشریات ادارے کی تکنیکی ٹیم کی انتھک کوششوں اور پاک فوج کے تعاون سے معطلی کے 26 گھنٹے کے اندر بحال کر دی گئی ہیں۔
ریڈیو پاکستان پشاور کے سٹیشن ڈائریکٹر اعجاز خان کے مطابق یہ نشریات پاکستان تحریک انصاف کے شرپسندوں کی طرف سے بدھ کو عمارت میں توڑ پھوڑ اور اسے نذرِ آتش کئے جانے کے باعث معطل ہو گئی تھیں۔
تاہم انہوں نے کہا کہ سامعین کیلئے یہ نشریات جمعرات کی شام سے میڈیم ویو 1260 کلو ہرٹز اور ویب سٹریمنگ دونوں پر بحال کر دی گئی ہیں۔
اعجاز خان نے کہا پاک فوج نے مالی معاونت ،بجلی کی فراہمی، ملبہ ہٹانے کے کام، ٹرانسپورٹ اور مرکزی دروازے کی تنصیب کے ذریعے نشریات کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا۔
ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل محمد طاہر حسن نے گزشتہ روز ریڈیو پاکستان پشاور کا دورہ کیا اور تباہ شدہ عمارت کا جائزہ لیا تھا۔
وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے علاوہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس جیسی صحافیوں کی نمائندہ تنظیموں نے ریڈیو سٹیشن پر حملے کی مذمت کی تھی۔