Friday, 03 January 2025, 08:16:08 am
 
کشمیر کے دیرینہ تنازعے کو صرف بامعنی مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے، حریت کانفرنس
May 10, 2024

کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ کشمیر کے دیرینہ تنازعے کو صرف بامعنی مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔

حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں محاصرے اورتلاشی کی کارروائیوں کے ذریعے کشمیریوں پر ظلم وجبر اوران کی جائیدادیں ہتھیانے پر بھارتی حکومت پر تنقید کی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کو وحشیانہ مظالم کے ذریعے محکوم نہیں رکھ سکتا اور وہ اپنی منصفانہ جدوجہد آزادی کو ہرقیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے ۔

ادھر بھارتی فوج کے اہلکاروں نے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی جاری پرتشدد کارروائیوںمیں لوگوں کو ہراساں کرنے اور ان کے گھروں کی تھوڑ پھوڑ کا سلسلہ جاری رکھا۔

دوسری جانب کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن نے بھارتی فوج کی جانب سے درگاہ چرار شریف کی بے حرمتی اور آتشزدگی کو 29سال پورے ہونے کے موقع پر ایک رپورٹ جاری کی ہے۔

1995میں آج کے دن بھارتی فوجیوں نے چرارشریف کمپلیکس کے 66روزہ محاصرے کے بعد درگاہ کے علاوہ تاریخی مسجد اور سینکڑوں مکانوں کو جلا کرخاکستر کر دیاتھا۔