پاکستان نے مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے درآمد کی جانے والی مصنوعات پر پابندی عائد کرنے کے برطانیہ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
دفترِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقے میں غیر قانونی بستیوں کی مسلسل توسیع بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
دفترِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان کینیڈا، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، آئس لینڈ، آئرلینڈ، ناروے، پولینڈ، پرتگال، سپین اور سویڈن سمیت کئی دیگر ممالک کی جانب سے بھی ایسے ہی اقدامات پر غور کرنے اور غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کے خلاف ایسی کوششوں کی حمایت کے اعلان کا خیرمقدم کرتا ہے۔
پاکستان نے امید ظاہر کی کہ یہ اقدامات مقبوضہ فلسطینی علاقے میں غیر قانونی کارروائیوں کو مسترد کرنے کا واضح اور دو ٹوک پیغام دیں گے۔
پاکستان نے فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت کے لیے ان کی منصفانہ جدوجہد کی ہمیشہ حمایت کی ہے اور آئندہ بھی ایسی تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا جن کا مقصد 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مبنی ایک خودمختار، آزاد اور متصل فلسطینی ریاست کا قیام ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔