Thursday, 13 March 2025, 12:58:15 am
 
سکیورٹی فورسز کی ڈی آئی خان ، شمالی وزیرستان میں کارروائیاں، سات خوارج ہلاک
February 09, 2025

سکیورٹی فورسز نے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائیوں کے دوران سات خوارج کو ہلاک کر دیا ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے Maddi میں خوارج کی موجودگی کے حوالے سے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی۔

کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر طور پر نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں خارجی رحمت سمیت تین خوارج ہلاک جبکہ دو زخمی ہو گئے۔

اسی طرح ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں بھی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ایک کارروائی کی گئی۔

فائرنگ کے تبادلے میں چار خوارج ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے۔

علاقے سے خوارج کا مکمل صفایا کرنے کیلئے کارروائی جاری ہے کیونکہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔

دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ضلع شمالی وزیرستان میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کی بھرپور ستائش کی ہے۔

انہوں نے ان آپریشنز کے دوران سات خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم سیکیورٹی فورسز کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اور سیکیورٹی ادارے ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔