Thursday, 13 March 2025, 05:53:07 am
 
جعفر ایکسپریس حملہ:ایسی بزدلانہ کارروائیاں پاکستان کے امن کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں، وزیراعظم
March 12, 2025

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جعفرایکسپریس پر حملے جیسی بزدلانہ کارروائیاں پاکستان کے امن کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔

انہوں نے یہ بات سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہی۔

وزیراعظم نے کہا کہ میری وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی جنہوں نے مجھے جعفر ایکسپریس پر ہونے والے گھناؤنے دہشت گرد حملے کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم اس گھناؤنے فعل سے شدید صدمے میں ہے اور معصوم جانوں کے ضیاع پر غمزدہ ہے۔

وزیراعظم نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ آپریشن کے دوران درجنوں دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔