قانونی امور کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر بیرسٹر عقیل ملک نے قومی استحکام کو فروغ دینے کیلئے تحریک انصاف کے حیلے بہانے کے ہتھکنڈوں اور مذاکرات میں سنجیدگی کے فقدان پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے پی ٹی وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے بار بار بغیر کسی پیشگی شرائط کے مذاکرات کی پیشکش کی لیکن جواب میں اسے صرف انتشار کا سامنا کرنا پڑا۔
عقیل ملک نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نون کی حکومت پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے اور اقتصادی صورتحال کی بہتری کیلئے اہم کردار ادا کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف حکومت پر محض تنقید کرنے کی بجائے ملک کی ترقی میں تعمیری کردار ادا کرے۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہاکہ پاکستان کے چیلنجز سے نمٹنے اور استحکام کے حصول کیلئے باہمی تعاون پر مبنی نقطہ نظر ضروری ہے۔