Monday, 07 September 2026, 04:11:53 pm
 
پاکستان نے نیپال کے سیلاب متاثرین کے لیے 100 ٹن امداد روانہ کردی
September 06, 2026

پاکستان نے حالیہ تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے بعد امدادی سرگرمیوں میں معاونت کی غرض سے نیپال کیلئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایک سو ٹن انسانی امداد روانہ کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر قومی ہنگامی امدادی ادارے کے تعاون سے یہ انسانی امداد خصوصی پرواز کے ذریعے اسلام آباد سے کھٹمنڈو روانہ کی گئی۔

امدادی سامان میں متاثرہ آبادیوں کے لیے خیمے، کمبل، چٹائیاں، حفظانِ صحت کی کٹس اور ادویات شامل ہیں۔

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امدادی سامان روانہ کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔

وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پاکستان میں نیپال کے سفیر اور وزارت خارجہ، این ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ اداروں کے سینئر حکام بھی تقریب میں موجود تھے۔

یہ امداد مشکل وقت میں نیپال کی حکومت اور عوامِ کیساتھ پاکستان کی یکجہتی کی عکاسی کرتی ہے۔