پاکستان نے بھارت کے شہر سہارنپور میں ایک سو سال پرانی مسجد شہید کیے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔
سہارنپور میں ایک سو سال پرانی مسجد شہید کیے جانے کی اطلاعات سے متعلق میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے دفترِ خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے کہا کہ تاریخی اسلامی عبادت گاہ کے خلاف یہ قابلِ مذمت اقدام اسلامی ورثے کو مٹانے کی اسلام مخالف اور ہندوتوا پر مبنی وسیع تر مہم کا ایک اور منہ بولتا ثبوت ہے۔
ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی حکام کی جانب سے مسلمانوں کو منظم طور پر نشانہ بنانے اور ریاستی سرپرستی میں ان کی عبادت گاہوں کی مسلسل بے حرمتی اور مسماری کا فوری نوٹس لے۔
انہوں نے کہا کہ تمام اقلیتوں، بالخصوص مسلمانوں کی بنیادی مذہبی آزادیوں اور ثقافتی ورثے کے خلاف ایسے اقدامات پر بھارتی حکام کا محاسبہ کیا جانا چاہیے۔