وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے کارپوریٹ اینڈ انوسٹمنٹ بینکنگ کے عالمی سربراہ سنیل کوشل کے ساتھ آن لائن بات چیت کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کو اجاگر کیا ہے۔
وزیر خزانہ نے بات چیت کے دوران پاکستان کے میکرو اقتصادی اشاریوں کے مثبت رجحان پر روشنی ڈالی اور مختلف اصلاحات کے ذریعے معاشی استحکام برقرار رکھنے کیلئے حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لئے پرعزم ہے اور اس امر کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کیلئے ایک مسابقتی اور پرکشش مقام ہے۔
بات چیت میں حکومت اور سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے درمیان خصوصاً بنیادی ڈھانچے کی ترقی ڈیجیٹل بینکنگ اور پائیدار سرمایہ کاری جیسے شعبوں میں ممکنہ تعاون تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
وزیر خزانہ نے وفد کو ان کے پروگراموں میں سہولت فراہم کرنے میں حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر سنیل کوشل نے پاکستان کی معیشت پر اعتماد کا اظہار کیا اور اسٹینڈرڈ چارٹرڈ کے ملک سے طویل مدتی تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا۔