خزانہ اور محصولات کے وزیر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت خراب کارکردگی کے حامل اداروں کی نجکاری اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات پر کام کررہی ہے۔
ایک نجی ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اور بجلی کی تین تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری رواں سال کے آخر تک مکمل کرلی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباداور کراچی کے ہوائی اڈوں کو مرحلہ وار ٹھیکے پر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال سے پہلے کچھ وزارتوں اور محکموں کی رائٹ سائزنگ اورتنظیم نو بھی کی جائے گی۔
آئی پی پیز کے مسئلے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قرضوں پر نظرثانی کے حوالے سے چینی حکام سے بات چیت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے تمام تر اقدامات کئے جارہے ہیں۔