Friday, 29 March 2024, 07:03:21 am
وزیر خزانہ کا بلاسود بینکاری نظام کے پختہ عزم کا اعادہ
February 02, 2023

وزیر خزانہ اسحق ڈار نے ملک میں بینکاری نظام کو اسلامی تعلیمات کے مطابق بلاسود نظام میں ڈھالنے کے حوالے سے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے قومی اسلامی فورم سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی فنانس کا موضوع میرے دل کے بہت قریب ہے اور وہ بینکاری اور اقتصادی نظام کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کیلئے تمام ممکنہ کوششیں کر رہے ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے گزشتہ دور کے دوران اس سلسلے میں کام کا آغاز کیا تھا اور ایک کمیٹی تشکیل دی تھی جبکہ اسلامی مالیاتی اور بینکاری نظام کو اسلامی شریعت کے مطابق ڈھالنے کیلئے متعدد اقدامات کئے گئے تھے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ مختصر مدت میں حاصل کی گئی کامیابیاں اس امر کی نشاندہی کرتی ہیں کہ ملک میں بلاسود اقتصادی نظام کے نفاذ سے متعلق وفاقی شرعی عدالت کے احکامات پر عملدرآمد کیلئے مزید مربوط اور مخلصانہ کوششوں سے اہم پیشرفت کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاسود اقتصادی اور مالیاتی نظام کے قیام کے لئے کوششیں کی جائیں گی۔انہوں نے تقریب کا اہتمام کرنے کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اس سے پالیسی تیار کرنے کی حکمت عملی بنانے میں مدد ملے گی۔