Friday, 03 May 2024, 06:13:49 am
زندگی کے مختلف طبقات کے افراد کا آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کا خیر مقدم
April 29, 2018

مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے وفاقی بجٹ کا خیرمقدم کیا ہے۔ریڈیو پاکستان کے لئے بجٹ سے متعلق اپنے تاثرات ریکارڈ کراتے ہوئے راولپنڈی اور اسلام آباد کے مکینوں نے انہیں ٹیکسوں میں ریلیف دینے پر حکومت کی تعریف کی ہے۔تاجر برادری کے نمائندوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں دی گئی مراعات سے سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا جس سے ملکی معیشت ترقی کرے گی۔لوگوں کے لئے بڑے شہروں میں رہائش کا حصول بہت بڑا مسئلہ ہے۔ سرکاری ملازمین نے ہاؤس رینٹ اور ہاؤس ہائرنگ سیلنگ میں 50فیصد اور تنخواہوں اور پنشن میں دس فیصد اضافے کا خیرمقدم کیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر عبدالقیوم نے عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی تعریف کی ہے جس میں زراعت، صحت اور تعلیم پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔انہوں نے ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگلے مالی سال کے بجٹ میں زرعی شعبے کی ترقی کے لئے عملی اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ غریب اور کم آمدنی والے افراد پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا گیا۔سینیٹر عبدالقیوم نے کہا کہ حکومت نے کسانوں کو ریلیف دے کر ان کے دل جیت لئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نون کی مخلصانہ کوششوں سے توانائی کا بحران اور دہشت گردی ختم ہو گئی ہے۔

امور کشمیر اور گلگت  بلتستان کے وزیر برجیس طاہر نے کہا ہے کہ نئے بجٹ میں عوام کو ہر ممکن ریلیف دیا گیا ہے۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ بجٹ میں کئے گئے مثبت اقدامات سے اقتصادی ترقی میں تیزی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس کی شرح میں کمی سے پاکستان میں ٹیکس کلچر کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔وفاقی وزیر نے یقین ظاہر کیاکہ مسلم لیگ نون آئندہ عام انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کامیابی حاصل کرے گی۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.