وزیراطلاعات ونشریات عطاء اﷲ تارڑ نے پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے پختہ حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے یہ بات آج (جمعرات) اسلام آباد میں چین کے نئے قمری سال اور جشن بہاراں کے سلسلے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
عطاء اﷲ تارڑ نے کہا کہ موجودہ حکومت اس سدا بہار دوستی کی نگہبان ہے اور اس رشتے کو اگلی نسلوں تک منتقل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
دونوں ملکوں کے درمیان گہرے دوطرفہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان، صدر شی جن پنگ کے ایک خطہ ایک شاہراہ اقدام کی مکمل حمایت کرتا ہے اور اس بڑے اقدام سے پاکستان کے معاشی فوائد بھی جڑے ہیں۔
اس سے قبل بحری امور کے وزیر قیصراحمد شیخ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کی صنعتوں کو پاکستان منتقل کرنے کی حکومت کی خواہش کا اظہار کیا جو دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں ہے۔
وزیرسمندری امور نے کہا کہ پاکستان چین کی طرز پر کاروبار کرنے میں سہولت فراہم کرنے کیلئے نوجوانوں کو تکنیکی تعلیم دینے پر بھی توجہ مرکوز کر رہا ہے۔
قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان کے بحری شعبے میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور حکومت سی پیک منصوبے کے ذریعے گوادر کی بندرگاہ کو مزید ترقی دینے کیلئے پرعزم ہے۔