Friday, 31 January 2025, 04:15:48 am
 
میجر حمزہ اسرار شہید کی نماز جنازہ ادا، وزیراعظم، آرمی چیف کی شرکت
January 30, 2025

میجر حمزہ اسرار شہید کی نمازجنازہ آج (جمعرات) چکلالہ گیرژن راولپنڈی میں ادا کر دی گئی۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیردفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے ہمراہ نمازجنازہ میں شرکت کی۔

سینئر حاضرسروس، ریٹائرڈ فوجی افسران، جوان اور شہید کے اہل خانہ بھی نمازجنازہ میں شریک ہوئے۔

وزیراعظم نے پاکستان کے بہادر شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قوم کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایسی عظیم قربانیاں قوم کے عزم کو مزید مضبوط اور آنے والی نسلوں کیلئے پرامن اور محفوظ پاکستان کیلئے ہمارے یقین کو مستحکم بناتی ہیں۔

نمازجنازہ کے بعد شہید میجر حمزہ اسرار کا جسدخاکی ان کے آبائی علاقے کیلئے روانہ کر دیا گیا جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کیا جائے گا۔