وزیراعظم محمد شہبازشریف نے برآمدات میں اضافے کیلئے مقامی طورپر تیار خام مال اور دیگر مصنوعات کو عالمی معیار کے برابرلانے پرزوردیا ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین شبیردیوان کی قیادت میں ایک وفد سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدات پرمبنی معاشی ترقی کی خواہاں ہے اوراس سلسلے میں اقدامات کیئے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کا انحصار حکومت اور کاروباری طبقے کے درمیان تعاون پر ہے، محصولات میں اضافہ اور ٹیکس بیس کی توسیع ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ کراچی میں قائم ہونے والے فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم کی طرز پر تمام شعبوں میں عنقریب خودکار نظام قائم کیے جائیں گے، سروس ڈلیوری کے عمل میں شفافیت لانا حکومت پاکستان کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔
وفد نے ملک میں موجودہ معاشی استحکام پر وزیراعظم کی ستائش کی۔
وفد نے شرح سود کا بتدریج کمی کے بعد 12 فیصد پر آنا ملک میں کاروبار کے لیے انتہائی خوش آئند قرار دیا۔