وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت مسائل کے حل کیلئے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ اب بھی خلوص نیت اور سنجیدگی سے مذاکرات کرنے کیلئے تیار ہے۔
انہوں نے اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مذاکرات کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا تاہم پی ٹی آئی مذاکراتی عمل جاری رکھنے سے گریزاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے رواں ماہ کی اٹھائیس تاریخ کو اجلاس میں شرکت نہیں کی اور یکطرفہ طور پر بات چیت کو ختم کر دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کسی بھی طرح کے انتشار اور بدامنی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات آگے بڑھنے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا واحد راستہ ہیں۔
وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے شہداء کی قربانیوں کو عزت وقار دینے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان قربانیوں کی حرمت کو برقراررکھنا حکومت اور عوام کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
ملک کی معاشی صورتحال کے بارے میں وزیراعظم نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے پالیسی ریٹ کو ایک فیصد کم کرنے کے فیصلے سے اقتصادی ترقی اورتجارتی سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔
انسانی اسمگلنگ کے واقعات پرتشویش ظاہر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ ان واقعات سے سمندر میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہو ئیں اور عالمی سطح پر پاکستان کے تشخص کو نقصان پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ ان واقعات کی جامع تحقیقات جاری ہیں۔