صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں پاکستان رینجرزسندھ کے کیمپ پر بزدلانہ دہشت گرد حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے الگ الگ بیانات میں صدر اور وزیراعظم نے بھارتی نگرانی میں کام کرنے والے گروہ جماعت الاحرار کے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ ناکام بنایا۔
انہوں نے حملے میں شہید ہونے والے رینجرز کے تین جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے شہدا کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
صدر نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنی مسلح افواج، رینجرز اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ غیر متزلزل عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔