Sunday, 28 June 2026, 01:36:59 pm
 
ہارون اختر کا چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے فروغ کے عزم کا اعادہ
June 28, 2026

صنعت و پیداوار کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے اسلام آباد میں "ورلڈ مائیکرو، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈے 2026" کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس شعبے کو قومی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی اور حکومت کے معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کا مرکزی ستون قرار دیا۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان کے تقریباً 71 لاکھ 40 ہزار چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے ملک کی سب سے بڑی پیداواری قوت ہیں، جن کا مجموعی ملکی پیداوار میں تقریباً 40 فیصد اور برآمدات میں 30 فیصد حصہ ہے اور 80 فیصد سے زائد غیر زرعی افرادی قوت کے لیے روزگار کا ذریعہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے جدت سازی اور انقلابی اقدامات کی معاونت کے لیے 30 ارب روپے کا ایک مخصوص "SME ڈیولپمنٹ فنڈ" قائم کیا ہے، جس کا مقصد کاروباری مسابقت کو بڑھانا، برآمدات کو وسعت دینا اور پائیدار معاشی ترقی کو تیز کرنا ہے۔