Sunday, 28 June 2026, 01:47:05 pm
 
رینجرز نے کراچی میں کیمپ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا، 3 خوارج ہلاک
June 28, 2026

پاکستان رینجرز سندھ نے گزشتہ رات کراچی میں رینجرز کے ایک کیمپ پر بھارتی حمایت یافتہ جماعت الاحرار سے تعلق رکھنے والے خوارج کا بزدلانہ دہشت گرد حملہ ناکام بنا کر تین خوارج کو ہلاک کردیا۔

حملہ آوروں نے کیمپ کے مرکزی گیٹ پر دھماکے کے بعد حفاظتی حصار توڑنے کی کوشش کی۔

تاہم، رینجرز کے جوانوں کے چوکس اور پرعزم جواب نے ان کے مذموم عزائم خاک میں ملادیے جس کے نتیجے میں تین خوارج ہلاک اور ایک خارجی کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جو افغان شہری ہے۔

فائرنگ کے تبادلے کے دوران، دھرتی کے تین بہادر بیٹوں نے فرض کی راہ میں عظیم قربانی دیتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، جبکہ چار جوان زخمی ہوئے۔

علاقے میں ممکنہ طور پر موجود بھارتی حمایت یافتہ خوارج کے خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔

چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بہادر جوانوں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا یہ قربانیاں اپنی قوم کے ہر قیمت پر دفاع اور تحفظ کیلئے ہمارے غیر متزلزل عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔