Friday, 10 May 2024, 02:00:19 pm
پاک، سعودیہ معاشی تعلقات نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں ، وزیراعظم
April 27, 2024

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے مشیر شاہی دربار اور جنرل سیکرٹری سعودی پاکستان سپریم کوارڈینیشن کونسل محمد بن مزید التویجری کی سربراہی میں وفد کی ملاقات ،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں دونوں اطراف سے معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے غیر معمولی گرمجوشی کا اظہارکیا گیا۔ 

ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ کے وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے کے دوران پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری پر ہوئی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

 التویجری اور ان کے وفد نے پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے سعودی حکومت اور کمپنیوں کی طرف سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

 التویجری نے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ کے پاکستان کے دورے کے بعد پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کی جانب سے ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنگی بنیادوں پر پاکستان میں سرمایہ کاری پر کام شروع کر دیا ہے، جس میں سرکاری اور نجی سیکٹر دونوں کی سرمایہ کاری شامل ہے

انہوں نے کہا کہ سعودی کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں پر مشتمل اہم وفد انتہائی کم وقت میں پاکستان کا دورہ کرے گا ۔

التویجری جو کہ سعودی عرب کے ویژن 2030 کے انچارج بھی ہیں نے وزیراعظم کو ویژن 2030 کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات سعودی ویژن 2030 کے تناظر میں آگے بڑھیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی ویژن 2030 کے تحت پاکستانی افرادی قوت و سرکاری افسران کو تربیت فراہم کرنے کے حوالے سے ہر ممکن مدد کریں گے ۔

ملاقات میں وزیر اعظم کو سعودی حکومت کے اصلاحات کے ایجنڈے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم پاکستان کی گورننس اسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے سعودی حکومت کی کامیاب اصلاحاتی پالیسی کے تجربے سے مستفید ہونا چاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں ۔

شہباز شریف نے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ کی زیر قیادت وفد کی پاکستان آمد کے دوران سعودی عرب کی پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے نمایاں پیشرفت ہوئی ۔

انہوں نے کہا کہ سعودی وفد کے دورہ پاکستان کے دوران ہوئی پیشرفت پر برق رفتاری سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل میں خادم الحرمین الشریفین عزت مآب سلمان بن عبد العزیز آل سعود کے لیے بے پناہ عزت و احترام ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پر تپاک استقبال اور شاندار میزبانی پر سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار ،وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر پاور اویس احمد خان لغاری ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.