Monday, 20 May 2024, 10:30:47 pm
وزیراعظم کا پاک ، قطر سرمایہ کاری میں تعاون کومزید مستحکم کرنے پر زور
May 09, 2024

وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان اور قطر کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں خصوصاً تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون مزید مستحکم کرنے پر زوردیا ہے۔

انہوں نے یہ بات قطر کے امور خارجہ کے وزیر مملکت ڈاکٹر محمد بن عبدالعزیز الخلیفی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے آج (جمعرات ) اسلام آباد میں ایک وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے قطر کے امور خارجہ کے وزیرمملکت اوران کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے تاریخی ، قریبی اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ۔

شہبازشریف نے کہا کہ دونوں ملکوں نے ہرطرح کے حالات میں ہمیشہ ایک دوسرے کی مدد کی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے تعلقات کو باہمی طورپر فائدہ مند اورانتہائی موثر شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہشمند ہے ۔

شہبازشریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی اوروزیراعظم و وزیرخارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی کیلئے بھی نیک خواہشات کا پیغام دیا ۔

قطر کے وزیرمملکت نے وزیراعظم کو قطر کی قیادت کا خصوصی پیغام دیا جس میں قطر کی جانب سے پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات مزید مستحکم کرنے اور پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کی خواہش کااظہارکیاگیا۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.