پاکستان اور بیلاروس نے باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اِس عزم کا اعادہ آج(پیر) اسلام آباد میں نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار اور بیلاروس کے وزیر خارجہ میکسم رائزنکوف کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔
فریقین نے پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دوطرفہ وفود کے تبادلوں اور اعلیٰ سطح کے دوروں کے تسلسل پر اطمینان ظاہر کیا اور اُمید ظاہر کی کہ صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے دورے سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
انہوں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت اہم عالمی اور علاقائی اُمور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے تنازعات کے پُر امن حل کے لئے اپنی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے خاتمے کیلئے مربوط سوچ کی ضرورت پر زور دیا۔
فریقین نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں آگے بڑھنے اور عالمی چیلنجز سے مشترکہ طور پر نمٹنے کے لئے عالمی اور علاقائی تنظیموں میں تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔