Saturday, 25 July 2026, 02:14:15 am
 
ٹانک میں دہشت گردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ ناکام، 12 خوارج ہلاک
July 24, 2026

سکیورٹی فورسز نے ضلع ٹانک میں مشترکہ پولیس چیک پوسٹ پر حملے کے جواب میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے بارہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق حملہ آوروں نے گزشتہ رات چیک پوسٹ کی سکیورٹی توڑنے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز کی بروقت، دلیرانہ اور موثر کارروائی نے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔

سکیورٹی فورسز نے غیر معمولی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرار ہونے والے خوارج کو نشانہ بنایا۔

 اس حملے میں بارہ فوجی جوانوں، دو پولیس اہلکاروں اور محکمہ جنگلات کے ایک سابق سرکاری اہلکار سمیت وطن کے پندرہ بہادر سپوتوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔

حملہ آوروں نے مایوسی میں بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی، جس کے دھماکے سے چیک پوسٹ کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا اور شہادتیں ہوئیں۔

علاقے میں مزید کسی بھی ممکنہ بھارتی حمایت یافتہ خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

قومی ایکشن پلان پر وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے منظور کردہ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔