لیبیا کی عرب مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈر انچیف لیفٹیننٹ جنرل Saddam Khalifa Haftar نے آج راولپنڈی میں چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال، دفاعی اور فوجی تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فریقین نے دوطرفہ دفاعی تعلقات مضبوط بنانے، پیشہ ورانہ فوجی تربیت اور سیکورٹی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے دوست ممالک کے ساتھ امن، استحکام اور تعمیری روابط کے فروغ کے لیے پاک فوج کے عزم کو اُجاگر کیا۔
لیبیا کے ڈپٹی کمانڈر انچیف نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و سلامتی کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔
اس سے قبل جی ایچ کیو پہنچنے پر لیبیا کے ڈپٹی کمانڈر انچیف کو تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔