Wednesday, 24 June 2026, 11:36:48 pm
 
گورنر تبوک کی پاکستان کی غیرمعمولی سفارتی کوششوں پر وزیراعظم کو مبارکباد
June 24, 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف کو آج سعودی عرب کے صوبے تبوک کے گورنر شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز آل سعود کا ٹیلیفون موصول ہوا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان نہایت گرمجوشی اور خیرسگالی پر مبنی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر گورنر تبوک نے امریکہ اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے حصول میں پاکستان کی غیرمعمولی سفارتی کوششوں پر وزیراعظم کو مبارکباد دی۔

وزیراعظم نے گورنر تبوک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی امن کوششوں کا مقصد خطے میں امن و استحکام کا فروغ ہے، جس میں سعودی عرب سمیت برادر ممالک کی حمایت نہایت اہم رہی ہے۔

پاکستان اور مملکتِ سعودی عرب کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے ولی عہد و وزیراعظم مملکتِ سعودی عرب، شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان سے محبت اور خیرسگالی پر دلی تشکر کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے گورنر تبوک کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔