Friday, 25 April 2025, 01:05:08 pm
 
متنازع وقف ترمیمی ایکٹ کے خلاف کل مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہوگی
April 24, 2025

 بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں متنازعہ وقف ترمیمی ایکٹ کے خلاف کل مکمل ہڑتال ہوگی۔

سری نگر میں ایک بیان میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے کہاکہ وقف ترمیمی ایکٹ مسلم مخالف اقدام ہے اور کشمیریوں اور بھارتی مسلمانوں کی مذہبی ، سیاسی اور سماجی شناخت پر براہ راست حملہ ہے ۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہاکہ کشمیریوں نے جدوجہد آزادی خود شروع کی ہے جس میں اقوام متحدہ کے تحت رائے شماری کا مطالبہ کیاجارہا ہے جسے بھارت بھی تسلیم کرچکا ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ پر زوردیا کہ وہ پہلگام میں سیاحوں پر حملے اور بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں قتل عام کے ظالمانہ واقعات کی تحقیقات کیلئے ٹیم بھیجے۔

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے پہلگام ڈرامے کی آڑ میں بڑے پیمانے پر گرفتاریاں شروع کردی ہیں اور گھروں میں جاری چھاپوں کے دوران پندرہ سو بے گناہ کشمیریوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقامی باشندوں نے بھارتی فوج کے اہلکاروں کی جانب سے دھمکیوں اور ہراساں کرنے کی اطلاعات بھی دیں۔

بھارتی فوج پیراملٹری فورسز اور ایس او جی اہلکاروں نے یہ گرفتاریاں سرینگر، اسلام آباد، کولگام، پلوامہ، شوپیاں، گاندربل اور بڈ گام اضلاع کے مختلف علاقوں میں گھروں پر چھاپوں کے دوران کیں۔

 ضلع جموں میں بھی ایسی ہی کارروائیاں کی گئیں۔

اسی طرح کی ایک بڑی کارروائی ضلع اودھم پور کے علاقے Dudu Basantgarg میں بھی کی گئی۔