بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اس عزم اعادہ کیا ہے کہ کشمیری عوام اپنی منصفانہ جدوجہدِ آزادی کو دبانے کے بی جے پی اور آر ایس ایس کے ہندوتوا ایجنڈے کو ناکام بنانے کے لیے متحد ہیں۔
حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ 21اپریل 1948کو منظور کردہ سلامتی کونسل کی قراردادپر عمل درآمد کرائے۔
انہوں نے کہاکہ یہ قراردادجموں و کشمیر کے عوام کو آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے حق خودارادیت کی ضمانت دیتی ہے اور بھارت اس پر عملدرآمد کا پابند ہے۔
ادھر مقبوضہ جموں وکشمیر میں پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے وقف (ترمیمی) ایکٹ پر تنقید کی ہے انہوں نے بھارت سپریم کورٹ نے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسے مسترد کرے کیونکہ اس سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے بڈگام میں ایک تعزیتی دورے کے دوران مقبوضہ کشمیر اوربھارت کے مسلمانوں کو تقسیم کرنے کی سازشوں کے خلاف متحد ہونے پر زور دیا۔
انہوں نے متنازع وقف ترمیمی ایکٹ کو مسلمانوں کی شناخت پر حملہ قرار دیتے ہوئے بھارتی سپریم کورٹ سے اسے کالعدم قراردینے کا مطالبہ کیا۔