وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف کے منصوبہ بندی کے تحت کئے جانیوالے احتجاج کو ملک میں انتشار پھیلانے اور عدم استحکام پیدا کرنے کی دانستہ کوششوں کا حصہ قراردیاہے۔
ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت سیاسی مظاہروں کے لئے سرکاری فنڈز کا غلط استعمال کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ پہلے ہی خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری اور آئی جی کو خط لکھ چکی ہے جس میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ سرکاری وسائل کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہیں کیاجاسکتا۔
وزیر اطلاعات نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عدالت نے کسی بھی احتجاج یا دھرنے کی اجازت نہیں دی، ان کاکہناتھا کہ ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی کوئی بھی کوشش غیرقانونی ہوگی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی قسم کے غیر قانونی اجتماعات کوہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔