متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے تجارت، سرمایہ کاری اور ہوا بازی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعلقات مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج(پیر) اسلام آباد میں دفتر خارجہ میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات میں کیا۔
متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے خاص طور پر اس بات کا ذکر کیا کہ گزشتہ ایک سال یا اس سے زائد عرصے میں معاملات تیزی سے آگے بڑھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے قائدین اور عوام چاہتے ہیں کہ ان تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے۔
شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے کہا کہ پاکستان ہمارے دلوں کے قریب ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے دونوں ممالک کی فلاح و بہبود اور مفاد کیلئے مل جل کر کام کر رہے ہیں۔