Tuesday, 22 April 2025, 02:43:15 am
 
وزیراعظم کی ٹیکسٹائل شعبے کی برآمدات میں اضافے کی تعریف
April 21, 2025

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ میں ٹیکسٹائل کے شعبے کی برآمدات میں نو اعشاریہ تین آٹھ فیصد اضافے کی تعریف کی ہے۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ٹیکسٹائل برآمدات تیرہ ارب ڈالر سے زائد کی بلند ترین سطح پر ہیں جو انتہائی خوش آئند ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ٹیکسٹائل کی برآمدات میں اضافہ پاکستانی معیشت کی ترقی اور حکومت کی پالیسیوں کی درست سمت کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات میں بتدریج اضافہ اور دیگر مثبت معاشی اشاریے حکومت اور نجی شعبے کے تعاون اور انتھک محنت کی بدولت ممکن ہوئے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے ملکی برآمدات میں پائیدار اضافے کیلئے نجی شعبے کو کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔