وزیراعظم محمدشہبازشریف تین روزہ سرکاری دورے پرقاہرہ میں ہیں جہاں وہ آٹھ ترقی پذیرملکوں کے گیارہویں سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ڈی ایٹ اجلاس کاموضوع ''نوجوانوں پرسرمایہ کاری اورچھوٹے اوردرمیانے کاروبار کو فروغ دینا،مستقبل میں معیشت کی تشکیل'' ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم ایک مضبوط اورجامع معیشت کی تشکیل کے لئے نوجوانوں اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار میں سرمایہ کاری ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے،جدت کی طرف پیشرفت اورمقامی کاروبار کو فروغ دینے کی اہمیت کواجاگرکریں گے۔
وزیراعظم اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والی صورتحال پرغوروخوض کے حوالے سے غزہ اور لبنان میں انسانی بحران اورتعمیرنو کے چیلنجز پرآٹھ ترقی پذیرملکوں کے خصوصی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم کی اجلاس میں شریک رہنمائوں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔