Thursday, 19 December 2024, 05:10:37 pm
 
وزیراعظم کی انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کی ہدایت
December 18, 2024

 وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیخلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے  یہ ہدایات  اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں جس میں  یونان میں ایک کشتی الٹنے کے واقعے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کے بعد کی صورتحال پر غورکیا گیا۔

وزیراعظم نے ایف آئی اے اور وزارت خارجہ سے گزشتہ ایک سال میں دنیا بھر میں ایسے تمام واقعات کی جن میں پاکستانی ملوث پائے گئے تھے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

 انہوں نے یونان کے اسی علاقے میں 2023 کے کشتی اُلٹنے کے حادثے کے بعد ایسے عناصر کیخلاف کارروائی میں سست روی پر  برہمی کااظہار کیا جس میں262 پاکستا نی جاں بحق ہو گئے تھے۔

شہبازشریف نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی میں تاخیر کرنے والے افسروں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت بھی کی ۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم کو انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اقدامات کے بارے میں بتایا گیا ۔

وزیراعظم نے اس حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے شروع کی گئی میڈیا مہم کے حوالے سے بھی تفصیلات طلب کرلیں  انہوں نے متعلقہ حکام کو مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے عالمی اداروں کے ساتھ تعاون بڑھانے کی ہدایت کی۔