Friday, 18 October 2024, 09:30:48 am
 
شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی میزبانی سے پاکستان کا تشخص مزید بہتر ہوا ہے:تارڑ
October 17, 2024

اطلاعات و نشریات کے وزیر عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہان حکومت کونسل کے اجلاس کی میزبانی سے عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص مزید بہتر ہوا ہے۔انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن کو ایک انٹرویو میں شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کی میزبانی کو ملک کی کامیاب خارجہ پالیسی کا نتیجہ قرار دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا پاکستان کی حقیقی صلاحیت اور خطے میں اس کی اہمیت کا اعتراف کررہی ہے۔انہوں نے موسمیاتی تبدیلی ،پائیدار ترقی، تجارت، امن و سلامتی ، انسداد دہشت گردی، اقتصادی پالیسیوں، سرمایہ کاری سمیت مختلف مسائل کے حل میں پاکستان کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی میزبانی سے ملک کو طویل مدتی فوائد حاصل ہوں گے۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ کانفرنس کے موقع پر آئے ہوئے مہمانان گرامی نے خطے میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی اشاریے بہتر ہورہے ہیں اور آنے والے دنوں میں عوام کو مزید اچھی خبریں ملیں گی۔