Saturday, 23 November 2024, 02:58:31 am
 
پاکستان سمیت 76 ملکوں کو قرضوں کی ادائیگی میں سہولت ملےگی:وزیرخارجہ
April 16, 2020

 وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت تقریباً چھہتر ملکوں کو یکم مئی سے ابتدائی طور پر ایک سال کے عرصے کےلئے قرضوں کی ادائیگی میں سہولت ملے گی۔

 انہوں نے پاکستان کی کامیاب اقتصادی سفارتکاری سے متعلق آج ایک بیان میں نشاندہی کی کہ وزیراعظم کی قرضوں کی ادائیگی میں سہولت کےحوالے سے اپیل کو گزشتہ روز ایک اجلاس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل ، عالمی مالیاتی فنڈ اور گروپ بیس کے ملکوں نے توثیق کی۔

 وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اپنے محصولات کا ایک تہائی حصہ قرضوں کی ادائیگی پر خرچ کرتاہے اور قرضوں کی ادائیگی میں اس سہولت سے پاکستان کو بہت فائدہ ہوگا۔

 شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث برآمدات اور ترسیلات زر سمیت ترقی پذیر معیشتیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس پس منظر میں وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، عالمی رہنماوں اور مالیاتی اداروں سے قرضوں کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے کی اپیل کی تھی تاکہ ترقی پذیر ملکوں کو کوروناوائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے بہتر طور پر نمٹنے میں مدد دی جاسکے۔