Thursday, 25 April 2024, 11:55:55 am
حکومت وزیراعظم کی لیپ ٹاپ سکیم دوبارہ شروع کرنےکی منصوبہ بندی کررہی ہے: شزا فاطمہ
July 15, 2022

حکومت اس سال نوجوانوں کےلئے وزیراعظم کی لیپ ٹاپ سکیم دوبارہ شروع کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے جس کے تحت جامعات کے اعلیٰ کامیابی حاصل کرنے والے طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے۔

 یہ بات نوجوانوں کے امور کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی شزا فاطمہ خواجہ نے نوجوانوں کی مہارتوں کے عالمی دن کے موقع پر ، جو آج منایا جارہا ہے، ریڈیو پاکستان کو دئیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں بتائی۔

 شزا فاطمہ نے نوجوانوں کو فنی اور تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنے پرزور دیا کیونکہ عصرحاضر کی ٹیکنالوجی سے  زراعت، ٹیکسٹائل اور مینو فیکچرنگ سمیت تمام شعبوں نے ترقی کی ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ لیپ ٹاپ ایک ایسا آلہ ہے جو نوجوانوں کو جدید مہارتوں، آن لائن کام اور کاروبار تک رسائی کے قابل بناتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ہنر مند نوجوانوں کاعالمی دن اس لئے بھی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ پاکستان کی اڑسٹھ فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔

 انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت 2013 میں نوجوانوں کے بارے میں وزیراعظم کے پروگرام کا آغاز کیا جس کے تحت سالانہ ایک لاکھ وظائف دئیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جلد اس سال کےلئے وظائف کی تشہیر کرے گی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ نوجوانوں کے بارے میں وزیراعظم کے پروگرام کے تحت نوجوان سرمایہ کاروں کےلئے قرضہ سکیم بھی بحال کی جائے گی جس کے ذریعے 75 لاکھ روپے تک کا قرض آسان قسطوں پر حاصل کیا جاسکے گا۔

 انہوں نے کہا کہ کاروبار کے آغاز کے لئے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی غرض سے خصوصی آگاہی پروگرام اور کاروباری منصوبہ سازی کی تربیت بھی شروع کی جائے گی تاکہ وہ روزگار کے طلب گار بننے کے بجائے روزگار دینے والے بن سکیں۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.