معیارکا عالمی دن آج منایاجارہاہے ۔ جس کا مقصد معیاری ترقی کی رضاکارانہ تنظیموں کے ماہرین کی اجتماعی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔اس سال دن کا موضوع ہے ''ایک بہتر دنیا کے لئے مشترکہ نقطہ نظر ''وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اعلیٰ ترین عالمی معیار کے حصول کے لئے ملک کے متعلقہ اداروں کی حمایت کے حکومتی عزم کااعادہ کیا ہے۔آج معیار کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوںنے کہاکہ پاکستان کی برآمدات میں اضافے کا براہ راست تعلق ہماری اشیاء اور خدمات کی فراہمی میں بین الاقوامی معیار سے مطابقت ہے ۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی عالمی برادری کے ساتھ مصروف عمل ہے اور گھروںمیں معیاری مصنوعات بنانے اور ان کے طریقوں کو اپنانے کی ترغیب دینے کی کوشش کررہی ہے۔انہوںنے پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کی طرف سے پاکستانی شہریوں کی زندگی کے تحفظ کے لئے آٹو موٹیوگاڑیوں کے لئے سخت حفاظتی معیار کواجاگرکیا۔انہوںنے کہاکہ یہ پیشکش جامع اور موثر معیار کے ذریعے اپنے لوگوں کی فلاح وبہبود کو ترجیح دینے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔