Saturday, 21 December 2024, 09:11:31 pm
 
پاکستان ماحولیاتی مسئلے سے فوری نمٹنے کیلئے پرعزم ہے، رومینہ خورشید عالم
December 20, 2024

ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق وزیراعظم کی رابطہ کار رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ پاکستان ماحولیاتی مسئلے سے فوری اور بھرپور انداز سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے۔

آج(جمعہ کو) اسلام آباد میں پائیدار ترقی کے اہداف سے متعلق قومی اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر کاربن کے مجموعی اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم حصہ ہونے کے باوجود پاکستان دنیا میں ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا پانچواں ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی حدت کے اثرات پہلے ہی پاکستان میں خشک سالی میں اضافے، سیلاب، موسم کے بدلتے انداز، زراعت میں تبدیلی، تازہ پانی کی فراہمی میں کمی اور حیاتیاتی تنوع کے نقصان کی صورت میں نظر آنے لگے ہیں۔

رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ پاکستان بھر میں مسلسل طویل اور شدید خشک سالی اور سیلابوں سے زراعت متاثر ہوئی ہے جبکہ خوراک کی دستیابی اور روزگار خطرے سے دوچار ہے۔

انہوں نے قومی پالیسیوں میں ماحولیاتی تبدیلی کے خطرات کو شامل کرنے، تعلیم اور معلومات میں اضافے، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے اداروں کی صلاحیت بڑھانے اور قدرتی آفات سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے پیشگی اطلاع دینے والے نظام کو مستحکم کرنے پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔