Saturday, 21 December 2024, 09:18:55 pm
 
وزیراعظم کی انسانی سمگلنگ کے خاتمے کیلئے تعاون بڑھانے کی ہدایت
December 20, 2024

وزیراعظم نے متعلقہ محکموں کو ملک سے انسانی سمگلنگ کے خاتمے کیلئے تعاون بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔

آج(جمعہ کو) اسلام آباد میں انسانی سمگلنگ کی روک تھام سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ انسانی سمگلنگ میں سہولت فراہم کرنے والے ایف آئی اے کے اہلکاروں کی شناخت کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ انسانی سمگلنگ کے مسئلے سے متعلق جاری تحقیقات کو جلد مکمل کرکے ٹھوس تجاویز پیش کی جائیں انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلنگ کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوئی ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ 2023میں کشتی ڈوبنے کے واقعے کے بعداس کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی میں کافی تاخیر کی گئی۔

اجلاس کو یونان میں کشتی کے حالیہ واقعے او رانسانی سمگلنگ کو روکنے کیلئے اب تک کئے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ یونان میں کشتی کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے پانچ پاکستانیوں کی شناخت کرلی گئی ہے جبکہ باقی افراد کی شناخت کا کام جاری ہے۔

انہیں آگاہ کیا گیا کہ ایتھنز میں پاکستانی سفارتخانہ کشتی کے حادثے کے بارے میں یونانی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کشتی کے سانحے کے بارے میں ہرقسم کی معلومات اور مدد حاصل کرنے کیلئے ایتھنز میں پاکستانی سفارتخانے سے ہیلپ لائن نمبر 306943850188+اور وزارت خارجہ اسلام آباد کرائسس مینجمنٹ یونٹ سے ٹیلی فون نمبر 0519207887 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ زیادہ تر گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور منڈی بہائوالدین اضلاع سے تعلق رکھنے والے افراد انسانی سمگلروں کا نشانہ بنے ہیں اس کے علاوہ انسانی سمگلنگ روکنے کیلئے قانون سازی کو مزید بہتر بنایا جارہاہے۔