Saturday, 21 December 2024, 06:04:52 pm
 
چینی کمپنیاں پاکستانی معیشت میں مثبت کردار ادا کررہی ہیں،یوسف رضا گیلانی
October 13, 2024

سینٹ کے چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں کام کرنے والی چینی کمپنیاں ملک کی قومی معیشت میں مثبت کردار ادا کر رہی ہیں۔

انہوں نے اتوار کے روز اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے شراکت دار ممالک سے اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنا کر علاقائی تعاون مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔

سینٹ کے چیئرمین نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے کے تحت زرعی، صنعتی، ترقیاتی، تعلیمی اور ثقافتی شراکت داری میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چین نے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے پاکستان سے اپنی خواہش کا اظہار کیاہے۔

یوسف رضا گیلانی نے عوام کے درمیان روابط اور ثقافتی رابطے بڑھانے کے علاوہ ایک مربوط، پُرامن اور تعاون کے حامل خطے کے مشترکہ ہدف کے ادراک کیلئے اقتصادی تعلقات مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔