وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت دن رات شہریوں کو حقیقی اور پائیدار ریلیف کی فراہمی پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے اتوار کے روز لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمزور معیشت، بڑے پیمانے پر مہنگائی اور سیاسی تقسیم ورثے میں ملنے کے باوجود حکومت نے سخت مگر قوم کے مفاد میں ایسے فیصلے کئے جو ناگزیر تھے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ جب پاکستان شدید مسائل میں گھرا ہوا تھا تب وزیراعظم نے سیاسی مفادات پر ریاست کو ترجیح دی اور قلیل مدتی سیاسی فوائد کیلئے ملک کے مستقبل کو داؤ پر لگانے سے انکار کر دیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے عوام کو مناسب نرخوں پر بجلی کی فراہمی کا وعدہ پورا کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے محض نعروں کی بجائے ٹھوس ریلیف کی فراہمی پر توجہ مرکوز کی جس کی بدولت مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی کارکردگی کا اب عالمی سطح پر بھی اعتراف کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی کم قیمت، مہنگائی کی شرح دس فیصد سے کم ہونے اور سٹاک مارکیٹ میں تیزی کے رجحان سمیت تمام اقتصادی اشاریے پاکستان کے خوشحال مستقبل کی عکاسی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے اور اڑان پاکستان اقدام کے تحت پاکستان مثالی اقتصادی ترقی کے حصول کی جانب بڑھ رہا ہے۔