پاکستان نے یوکرین تنازع کے حل کیلئے منصفانہ اوردیرپا سفارتی کوششوں کی حمایت کااعادہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے کہا کہ یوکرین تنازع کے عام شہریوں پر پڑنے والے غیر متناسب اثرات پر گہری تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ عام شہریوں اور شہری انفراسٹرکچر کا تحفظ بین الاقوامی قانون کے تحت ایک لازمی تقاضا ہے، جس کا تمام فریقین کی جانب سے مکمل اور مستقل احترام کیا جانا چاہئے۔
عثمان جدون نے کہا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کام کرنے والے کارکنوں تک رسائی اور ان کا تحفظ یقینی بنانا نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام فریقین پر لازم ہے کہ وہ انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں کے لیے بلا رکاوٹ رسائی کے حالات کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ تمام فریقین اپنی ذمہ داریوں پر خلوص دل سے عمل کریں گے اور اس پیش رفت کو مکمل اور مستقل جنگ بندی اور ایک منصفانہ، پائیدار و دیرپا امن کے قیام کے لیے استعمال کریں گے۔