Friday, 18 April 2025, 02:17:29 am
 
وزیراعظم کا امریکہ سے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پرزور
April 09, 2025

وزیر اعظم شہباز شریف نے دو طرفہ تعلقات مضبوط بنانے کیلئے امریکہ کے صدرڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے اسلام آباد میں امریکہ کے قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری ایرک میئر کی قیادت میں امریکی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے تجارت اور سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں اور انسداد دہشت گردی میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے نہ صرف دوطرفہ تناظر بلکہ علاقائی امن و سلامتی کیلئے بھی پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

شہباز شریف نے پاکستان منرلز انوسٹمنٹ فورم میں امریکی شرکت کا خیرمقدم کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے امریکی کمپنیوں کو اس ترجیحی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دی۔

ایرک میئر نے پاکستان کے معدنیات کے شعبے کی استعداد کار کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ امریکی کمپنیاں اس شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں۔

انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر پاکستان کے ساتھ کام کرنے کی امریکی خواہش کا بھی اظہار کیا۔