Thursday, 26 December 2024, 02:58:10 pm
 
وزیراعظم کا ایڈز سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے اقدامات پر زور
December 01, 2024

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر ایڈز کی روک تھام کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

آج منائے جارہے ایڈز کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اعلامیہ کی پاسداری اور تمام برادریوں کی شمولیت کو فروغ دینا ایڈز کو صحت عامہ کے خطرے کے طور پر ختم کرنے کیلئے ضروری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ صحت کی سہولیات ہر انسان کا بنیادی حق ہے اور اجتماعی کاوشوں سے یہ بنیادی حق برابری کی بنیاد پر فراہم کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایڈز کی وباء میں اضافہ ہو رہا ہے جو اس بات کا متقاضی ہے کہ جرات مندانہ اختراعی اور پائیدار اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا ایڈز سے پاک مستقبل صرف اجتماعی کوششوں کے ذریعے ہی حاصل کیا جاسکتا ہے جو انسانی وقار' برابری اور شمولیت کو فروغ دے ۔

وزیراعظم نے ایڈز سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے اقدامات پر زور دیا۔