Friday, 27 December 2024, 04:44:23 am
 
فوجی ٹرائل پارلیمنٹ ایکٹ کے تحت کئے جاتے ہیں، وزیراطلاعات
December 25, 2024

وزیراطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ فوجی ٹرائل پارلیمنٹ ایکٹ کے تحت کئے جاتے ہیں اور ان مقدمات میں منصفانہ ٹرائل کا حق متاثر نہیں ہوتا۔

آج(بدھ کو) ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا بھی حق حاصل ہوتا ہے۔

وزیراطلاعات نے کہا پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین ماضی میں فوجی عدالتوں کی خوبیاں گنواتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا بعض لوگ فوجی عدالتوں کے معاملے کو سیاسی رنگ دے رہے ہیں اور پی ٹی آئی فوجی عدالتوں کے مسئلے کو متنازعہ بنارہی ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ فوجی عدالتوں میں اسی صورت میں مقدمہ چلایا جاتا ہے جب کوئی دفاعی اداروں پر حملہ آور ہو انہوں نے کہا کہ فوجی تنصیبات پر حملوں کے مقدمات کا فوجی عدالتوں میں چلایا جانا قانون کے مطابق ہے۔

وزیراطلاعات نے کہا جن افراد کے مقدمات فوجی عدالتوں میں چلائے گئے ان کے خلاف ناقابل تردید شواہد موجود ہیں انہوں نے واضح کیا کہ نومئی کے واقعات میں ملوث مجرموں کو قانون کے مطابق سزا دی جائیگی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ منصفانہ ٹرائل کے حق کو دیکھا جائیگا۔

انہوں نے کہا پاکستان نے کبھی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی نہیں کی۔