وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان میں بینائی سے محروم کرنے والی بیماری ”ٹریکوما” کے خاتمہ کے اعلان کو اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بروقت علاج اور مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے ساتھ کروڑوں لوگوں کی زندگیاں بچ گئیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پاکستان کو ٹریکوما فری ملک قرار دینے کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ واضح رہے کہ ٹریکوما ایک ایسی بیماری ہے جو کلیمائڈیا ٹریکومیٹیس بیکٹیریم کے انفیکشن کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے اور اگر بروقت علاج نہ کیا جائے تو اس کے نتیجہ میں مستقل اندھا پن ہو سکتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے پاکستان سے بینائی سے محروم کرنے والی بیماری ٹریکوما کے مکمل خاتمہ کا اعلان کیا ہے، ڈبلیو ایچ او کی جانب سے ٹریکوما فری کنٹری کا خط وزیراعظم کے حوالے کیا گیا۔ پاکستان اس تاریخی سنگ میل تک پہنچنے والا عالمی سطح پر 19واں ملک بن گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ،این جی اوز، ماہرین اور ڈبلیو ایچ او سمیت تمام اداروں کی کوششوں سے یہ کامیابی حاصل ہوئی، اور اسی طرح کی اجتماعی کاوشوں سے ہر شعبہ میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔