Saturday, 28 December 2024, 05:28:54 am
 
پاکستان صحت بحران سے نمٹنے کیلئےعالمی برادری کے ساتھ ہے،وزیراعظم
December 27, 2024

وبائی امراض سے نمٹنے کی تیاریوں کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے تاکہ عالمی سطح پر آگاہی اور مستقبل میں تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔

یہ دن کووڈ 19کی وبا کے بعد متعارف کرایا گیا تھا جس کا مقصد مضبوط صحت کے نظام اورعالمی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے تاکہ وباؤں کو روکا اور اس کا موثر طریقے سے جواب دیا جا سکے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان صحت کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اجتماعی تیاری کی اہمیت پر توجہ مرکوز کرنے کے لئے عالمی برادری کے ساتھ کھڑا ہے۔

وبائی امراض سے نمٹنے کی تیاری کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں وبائی امراض سے نمٹنے کے لئے تعاون اور تیزرفتار عملی اقدامات کی فوری ضرورت کی یاد دلاتاہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن پاکستان اپنے تمام عالمی شراکت داروں کے ساتھ صحت کے مربوط نظام کی تعمیر کیلئے کام جاری رکھنے کا عزم کرتا ہے تاکہ سب کے لئے محفوظ اورصحت مند مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حفظان صحت کے لئے قومی عملی منصوبے کے تحت پاکستان حفظان صحت کے بین الاقوامی ضوابط کی تکمیل کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔