چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ یونیورسٹی سپورٹس اولمپیاڈ سے ابھرنے والے ٹیلنٹ کو بین الاقوامی سطح پر مواقع دیئے جائینگے اور انہیں بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے کے لیے ضروری تربیت فراہم کی جائے گی۔
آج اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپورٹس اولمپیاڈ میں شرکت کے لیے تین ہزار کھلاڑی وفاقی دارالحکومت میں موجود ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ کھلاڑی مستقبل کے چیمپئن ہیں، جو تعلیم ہو یا کھیل، تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی کا پیغام دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان یہ پیغام بھی دے رہے ہیں کہ ملک کے خلاف ہونے والی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا جائے گا۔
رانا مشہود احمد خان نے ایچ ای سی، وزارت اطلاعات و نشریات، قومی ورثہ و ثقافت اور اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے اولمپیاڈ کے لیے دی جانے والی معاونت کو سراہا۔