چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ چار روزہ یونیورسٹی سپورٹس اولمپیاڈ کل سے اسلام آباد میں شروع ہوگا۔
آج (منگل)اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میگا ایونٹ میں ملک بھر سے تین ہزار سے زائد کھلاڑی اور ایتھلیٹ حصہ لیں گے۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ اس ایونٹ کا مقصد نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں فعال طور پر شامل کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے باصلاحیت افراد اور کھلاڑیوں کی شناخت میں بھی مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت حکومت کھیلوں سمیت مختلف شعبوں میں ہمارے نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔
رانا مشہوداحمد نے تقریب کے انعقاد کے لیے وزارت اطلاعات و نشریات، ایچ ای سی اور اسلام آباد انتظامیہ کے تعاون کو سراہا۔