Saturday, 18 January 2025, 10:20:16 am
 
پاکستان کا مقامی طور پر تیار کردہ پہلا سیٹلائٹ خلا کے لیے روانہ
January 17, 2025

پاکستان کا مقامی سطح پر تیار کردہ پہلا الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ خلا میں بھیج دیا گیا۔

سیٹلائٹ کو چین کے جی چھوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلا میں بھیجا گیا۔

سپارکو کے مطابق ای او-1 سیٹلائٹ ملک کی قدرتی وسائل کی نگرانی، انہیں سنبھالنے اور قدرتی آفات کی پیش گوئی میں مدد کرے گا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسے پوری قوم کے لئے ایک قابل فخر لمحہ قرار دیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ فصلوں کی پیداوار کی پیشن گوئی سے لے کر شہری ترقی کے منصوبوں تک یہ سٹیلائٹ انتہائی معاون ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ سپارکو کی سربراہی میں یہ خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی میں ہماری بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کو ظاہر کرتا ہے۔

وزیراعظم نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو ان کی لگن اور بہترین ٹیم ورک پر مبارکباد دی ہے۔